Monday, February 23, 2009

موبائل فون استعمال کرنے والوں کي تعداد چھ فيصد کمي

پاکستان ميں موبائل فون استعمال کرنے والوں کي تعداد چھ فيصد کمي کے بعد نو کروڑ سے کم ہوگئي ہے- انويسٹ کيپ کي رپورٹ کے مطابق تين ماہ قبل ملک ميں موبائل فون صارفين کي تعداد نوکروڑ سے تجاوزکرگئي تھي جو دسمبر دوہزارآٹھ ميں پانچ لاکھ کي کمي سے آٹھ کروڑننانوے لاکھ پرآگئي۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان ميں گزشتہ چار ماہ کے دوران موبائل فون يوزرکي ٹيلي ڈينسٹي پچپن اعشاريہ آٹھ فيصد پرآگئي ہے

کاش میں تیرے حسین ہاتھ کا موبائل ہوتا

کاش میں تیرے حسین ہاتھ کا موبائل ہوتا
تو بڑے چاؤ کے ساتھ بڑے مان کے ساتھ
اپنے نازک سے ہاتھوں میں اٹھاتی مجھ کو
اور جوش مسرت سے گھماتی مجھ کو
میں تیرے ہاتھ میں لہرا لہرا سا جاتا
تو ہر وقت ایس ایم ایس پڑھا کرتی
تو مجھ کو اور میں تجھ کو دیکھا کرتا
جب محبت بھرا ایس ایم ایس پڑھ کر مجھے چومتی
میں تیرے ہونٹوں کی حدت سے دہک سا جاتا
جب کسی بور ایس ایم ایس کو تو ڈیلیٹ کرتی
درد کی شدت سے میں بلبلا جاتا
رات کو تو جو سوتی مجھے سینے سے لگا کر
میں تیرے کان میں کھسر پھسر کرتا
تو دل والوں کو دل کھول کر میسج بھیجتی
اور سارا مہینہ ٹاک فری پے بات کرتی
کچھ نہیں تو تیرا اک بے نام سا موبائل ہوتا
کاش میں تیرےحسین ہاتھ کا موبائل ہوتا

گوگل کی موبائل فون صارفین کے باہمی رابطے کیلئے نئی سروس

امریکی انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل نے موبائل فون صارفین کو باہمی رابطے کے حوالے سے ایک نئی سروس متعارف کرائی ہے۔ دنیا کے 27 ممالک میں بیک وقت متعارف کرائی جانے والی اس نئی سروس کی مدد سے موبائل فون استعمال کرنے والا کوئی بھی شخص نہ صرف یہ معلوم کرسکے گا کہ اس کا دوست یا مطلوبہ شخص اس وقت کس مقام پراور کس حال میں ہے بلکہ ایس ایم ایس کے ذریعے اس کے ساتھ فوری رابطہ بھی کرسکے گا۔ گوگل کے حکام کے مطابق یہ سروس موبائل فون سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں اور گوگل کی مشہورویب سائٹ گوگل ارتھ کے تعاون سے فراہم کی جارہی ہے۔ اس سروس کے تحت کوئی بھی موبائل فون صارف جو اس کے استعمال پر رضا مندی ظاہر کرے گا، سے رابطہ کرنے والے افراد کو ا س کی فون اسکرین پر وہ مقام نظر آئے گا جہاں اس وقت صارف موجود ہے۔ نئی سروس جیسے گوگل لیٹی چیوڈ کا نام دیا گیا ہے ، کو گوگل کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے۔ گوگل حکام کے مطابق یہ سہولت صرف انہی صارفین کو حاصل ہوگی جو اس کے استعمال پر رضا مندی کا اظہارکریں۔ ایسے صارفین کو اپنے دوستوں کو اپنی موجودگی کے مقام کے بارے میں غلط معلومات دینے کا بھی اختیار ہوگا چنانچہ موبائل فون استعمال کرنے والا شخص اگر جنوبی افریقہ میں موجود ہے تو وہ اپنے موبائل فون کی سیٹنگز بدل کررابطہ کرنے والے شخص کویہ بتا سکتا ہے کہ وہ اس وقت کینیڈا کے کس شہر میں موجود ہے۔

Tuesday, February 3, 2009

موبائل فون کمپنی کے فرنچائز مالکان کا احتجاج،آج سے کاروبار بند رکھنے کا اعلان

موبی لنک فرنچائز کے مالکان نے 2فروری سے احتجاجاً کاروبار بند کرتے ہوئے کراچی میں تمام فرنچائز دفاتر کو بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اس بات کا فیصلہ موبی لنک فرنچائز ایسوسی ایشن نے ایک ہنگامی بریفنگ میں کیا۔ فرنچائز مالکان کا کہنا تھا کہ موبائل کمپنی محض آمدنی بڑھانے کی خاطر فرنچائز کو غیر معقول قسم کے اہداف (سیلز ٹارگٹ) دے رہی ہے جس کے باعث ڈیمانڈ اور سپلائی عدم توازن کا شکار ہے۔ ایسوسی ایشن کے نائب صدر یوسف خان نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم متعدد مرتبہ کمپنی کو اپنی مشکلات اور نقصانات سے آگاہ کرچکے ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی ،اب ہم مزید نقصانات برداشت کرنے کی پوزیشن میں بھی نہیں رہے۔ سپلائی زیادہ ہونے کے باعث ہمیں کالنگ کارڈ نقصان پر فروخت کرنے پڑ رہے ہیں۔ اجلاس میں ایسوسی ایشن کے صدر حاجی عالم زیب، جوائنٹ سیکرٹری سلیم احمد اور دیگر ارکان نے بھی شرکت کی۔ ایسوسی ایشن نے صدر آصف زرداری، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور پی ٹی اے کے چیئرمین سے مطالبہ کیا کہ ان کے مسائل پر توجہ دی جائے ورنہ ہزاروں افراد کے بے روزگار ہونے کا خطرہ ہے۔

ریفرنس: جنگ

Monday, February 2, 2009

موبائل فون سموں کے اجراء اورتصدیق کا نیا نظام آج سے کام شروع کریگا

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی طرف سے ایکٹیو موبائل سموں کے اجراء اور کوائف کی تصدیق کے بعد ان کی ایکٹیویشن کا نیا نظام (آج) اتوار یکم فروری سے کام شروع کر دے گا جس کیلئے تمام تیاریاں اور انتظامات مکمل کئے جا چکے ہیں، نئے نظام کے تحت موبائل آپریٹرز کی ذمہ داری ہو گی کہ وہ نئی سم کو وضع کردہ طریقہ کار کے مطابق جاری کریں۔ یہ بات پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین ڈاکٹر محمد یٰسین نے ہفتہ کو متعدد موبائل فون کمپنیوں کے کال سینٹرز اور کسٹمر سروسز سینٹر کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ پی ٹی اے تمام موبائل آپریٹرز کے ساتھ 3 ماہ کے بعد میٹنگ کرے گی جس میں نئے نظام کے نفاذ کے حوالہ سے مختلف امور کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس موقع پر پی ٹی اے کے چیئرمین نے موبائل سموں کی ایکٹیویشن کے نظام کو یکم فروری 2009ء سے نافذ العمل کرنے کیلئے موبائل کمپنیوں کی طرف سے کئے جانے والے اقدامات کا عملی مظاہرہ بھی دیکھا اور صارف کے کوائف کی تصدیق کے عمل کے بارے میں مختلف سوالات کئے۔

ریفرنس: جنگ

Saturday, January 31, 2009

پی ٹی اے کی ہدایات پر عملدرآمد کیلئے موبائل آپریٹرز نے خصوصی کال سینٹر قائم کردیئے

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی ہدایت کے مطابق موبائل فون کنکشن کی نئی سمز کو نادرا سے تصدیق کے بعد جاری کرنے کے نظام کا جائزہ لینے کیلئے پی ٹی اے کے زونل ڈائریکٹر کراچی نے گزشتہ روز یو فون کے کال سینٹر کا دورہ کیا اور پی ٹی اے ہدایات کے مطابق نئی سمز کے اجرا کے طریقہ کار کا معائنہ کیا۔ طریقہ کار کی شفافیت کیلئے تمام موبائل آپریٹرز نے پی ٹی اے کی ہدایت کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی کال سینٹرز قائم کئے ہیں جو 24/گھنٹے کام کریں گے۔

ریفرنس: جنگ

موبائل سمز ایکٹیویشن کے نئے نظام کا عملی مظاہرہ

نان ایکٹیو موبائل سموں کے اجراء اور کوا ئف کی تصدیق کے بعد ان کی ایکٹیویشن کا نیا نظام یکم فرو ری 2009ء سے متعارف کرایا جائے گا جس کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، یہ بات پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کے چیئرمین ڈا کٹر محمد یٰسین نے چائنا پاک موبائل (زونگ) کے کال سینٹرز اور کسٹمر سروسز سینٹر کے دورے کے موقع پر بتائی۔ اس موقع پر پی ٹی اے کے چیئرمین نے موبائل سموں کی ایکٹیویشن کے نئے نظام کا عملی مظاہرہ د یکھا اور کو ائف کی تصدیق کے عمل کے بارے میں مختلف سوالات کئے۔ انہوں نے کال سینٹر کے نمائندوں سے نئے نظام کے بارے میں بات چیت بھی کی۔ چائنا موبائل کے سی اے ا و ظفر عثمانی نے چیئرمین پی ٹی اے کو نئے نظام کے بارے میں بتایا جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔

ریفرنس: جنگ

Wednesday, January 28, 2009

موبائل فون کال کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو لوٹنے کا انکشاف

بیرون ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کو انعام کا جھانسہ دے کر رقم ہتھیانے والا گروہ سرگرم ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک میں مقیم پاکستانیوں کو پاکستان سے تمام موبائل کمپنیوں کے نمبرز سے فون کر کے کہا جاتا ہے کہ قرعہ اندازی میں ان کا انعام نکلا ہے، بعدازاں غیرملکی کرنسی کی صورت میں بھاری رقم وصول کر لی جاتی ہے اور بتایا جاتا ہے کہ پاکستان میں ان کے گھر پر انعام کی رقم یا قیمتی تحائف پہنچا دیئے جائیں گے تاہم رقم لے لینے کے بعد یہ لوگ کوئی رابطہ کرتے ہیں اور نہ ہی ان نمبروں پر کال وصول کرتے ہیں۔

ریفرنس: جنگ

Monday, January 26, 2009

عالمی اقتصادی بحران : موبائل فون سیٹ کی برآمدات میں 10 فیصد کمی

عالمی اقتصادی بحران کی وجہ سے موبائل فون سیٹ کی برآمدات میں 10 فیصد کمی ہوئی ہے۔ ٹیلی کام تجزیہ نگاروں کے مطابق گذشتہ سال کے مقابلہ میں 2008ء کے آخر میں موبائل فون سیٹ کی تیاری اور برآمدات میں نمایاں کمی سامنے آئی ہے جو کہ 2001کے بعد سے سب سے زیادہ کمی ہے۔ 2008ء کے آخری تین ماہ میں موبائل فون سیٹ کی تعداد 29 کروڑ 50 لاکھ تک ریکارڈ کی گئی جبکہ گذشتہ سال یعنی 2007ء کے آخری تین ماہ میں 32 کروڑ 90 لاکھ موبائل سیٹ تیار ہوئے اور مارکیٹ میں فروخت کیلئے پیش کئے گئے۔ ٹیلی کام سیکٹر میں 5 بڑی کمپنیاں موبائل سیٹ فراہم کر رہی ہیں ان میں نوکیا، سام سانگ، ایل جی، موٹرولا اور سونی ایریکسن شامل ہیں۔ دریں اثناء پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی کے مطابق 2008ء صنعت کیلئے نیک فال ثابت نہیں ہوا ہے۔ دسمبر میں بھی صارفین کا ٹیلی کام نیٹ ورک سے الگ ہونے کا رجحان جاری ہے۔

ریفرنس: جنگ

Thursday, January 22, 2009

صارفین کو گمراہ کرنے پر موبائل فون کمپنی کو نوٹس الزام قطعی غلط ہے، موبائل کمپنی کا موقف

مسابقتی کمیشن نے پاکستان میں کام کرنیوالی موبائل فون کمپنی چائناموبائل زونگ کو اپنے اشتہارات میں صارفین کو گمراہ کرنے کے الزام میں اظہار وجوہ کانوٹس جاری کیا ہے۔ کمیٹی کو کہا گیا ہے کہ 14روز کے اندر اندر اس نوٹس کاجواب دیاجائے جبکہ اس معاملہ کی سماعت کیلئے مسابقتی کمیشن نے 2فروری 2009ء کی تاریخ بھی مقرر کی ہے۔ اس سلسلے میں جب موبائل کمپنی کی انتظامیہ کے سینئر افسر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ الزام قطعی غلط ہے کسی کو گمراہ نہیں کیا گیا اور اس سلسلے میں تسلی بخش جواب دیدیا جائے گا۔

ریفرنس: جنگ نیوز