Friday, April 22, 2011

معین اختر انتقال کر گئے

پاکستان کے معروف اداکار معین اختر جمعہ کی شام کراچی میں انتقال کرگئے ۔ ان کی عمر 61برس تھی۔ وہ دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور گذشتہ کئی روز سے وہ ہسپتال میں زیر علاج تھے۔معین اختر پاکستان ٹیلیوژن، اسٹیج اور فلم کے ایک مزاحیہ اداکار اور میزبان تھے۔ اسکے علاوہ وہ بطور فلم ہدائتکار، پروڈیوسر، گلوکار اور مصنف کام کر چکےتھے۔

پاکستان کے شہر کراچی سے تعلق رکھنے والے معین اختر نے پاکستان ٹیلی ویژن پر اپنے کام کا آغاز 6 ستمبر 1966ء کو پاکستان کے پہلے یوم دفاع کی تقریبات کے لیے کیے گئے پروگرام سے کیا۔ جس کے بعد انہوں نے کئی ٹی وی ڈراموں،
اسٹیج شوز میں کام کرنے کے بعد انور مقصود اور بشرہ انصاری کے ساتھ ٹیم بنا کر کئی معیاری پروگرام پیش کیے۔

انہوں نے کئی زبانوں میں مزاحیہ اداکاری کی جن میں انگریزی، سندھی، پنجابی، میمن، پشتو، گجراتی اور بنگالی کے علاوہ کئی دیگر زبانیں شامل ہیں اور اردو میں انکا کام بچے بڑے، ہر عمر کے لوگوں میں یکساں مقبول ہے۔معین اختر اپنی بے پناہ فنکارانہ صلاحیتوں کے اعتراف میں ستارہ امتیاز اور تمغہ حسن کارکردگی کے علاوہ بے شمار ایوارڈ ز حاصل کرچکے تھے۔

رواںماہ کے 21 دنوں میں پاکستان کے چار کامیڈین وفات پا چکے ہیں ۔جن میں لیاقت سولجر، مستانہ، ببو برال اورمعین اخترشامل ہیں
۔

1 comment: