Friday, April 29, 2011

شاہی شادی



آج برطانیہ کے شہزادہ ولیم اورکیٹ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔ شادی کی تقریب ویسٹ منسٹر ایبے میں منعقد ہوئی۔ شہزادہ ولیم فوجی ودی میں ملبوس تھے انہوں نے لال رنگ کی وہ ٹویونک بھی پہنی جو آئرش گارڈز کا سب سے بڑا افسرپہنتا ہے۔ جبکہ کیٹ نے ایک خوبصورت گاﺅن زیب تن کر رکھا تھا۔اس  شاہی شادی کی تقریب کا سب کو بے چینی سے انتظار تھا اور آج یہ انتظار ختم ہوا ، کیٹ میڈلٹن شاہی خاندان کا حصہ بن گئیں۔

شادی کی تقریب میں ملکہ الزبتھ دوم، شاہی خاندان کے افراد، برطانیہ کے وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون اور دلہا و دلہن کے عزیز و اقارب سمیت انیس سو افراد نے شرکت کی۔ عوام کی بہت بڑی تعداد سڑکوں پر جوڑے کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے جمع تھی ۔ دنیا بھر کا میڈیا اس شادی کی کوریج کررہا تھا ، شادی کی رسومات ختم ہونے کے بعد شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن شاہی بگھی میں بکھنگم پیلس روانہ ہوئے اور موقعے پر عوام کی بڑی موجود تھی۔

شہزادہ ولیم برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس اور آنجہانی شہزادی ڈیانا کے بڑے بیٹے ہیں ، شہزادہ ولیم انیس سو بیاسی میں پیدا ہوئے اور برطانوی تخت کے وارثوں میں اپنے والد شہزادہ چارلس کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں ،شہزادہ ولیم نے مشہور نجی تعلیمی ادارے ایٹن سے ابتدائی تعلیم حاصل کی اور پھر اعلیٰ تعلیم کے لئے سینٹ اینڈریوز یونیورسٹی کا رخ کیا۔ تعلیم کے ساتھ ساتھ یہاں انہیں مستقبل کی شریک حیات کیتھرین میڈلٹن مل گئیں۔
شاہی خاندان کی نئی بہو کیٹ میڈلٹن برکشائر کاونٹی کے علاقے بکلبری کے ایک متوسط خاندان سے تعلق رکھتی ہیں وہ 1982میں پیدا ہوئی تھیں۔کیتھرین میڈلٹن کے والدین مائیکل میڈلٹن اور کیرول گولڈ سمتھ ایک کامیاب کاروباری جوڑا ہے اور وہ ’پارٹی پیسز‘ کے نام سے ایک کمپنی چلاتے ہیں۔ان کی ایک بہن اور ایک بھائی ہے اور وہ بہن بھائیوں میں سب سے بڑی ہیں۔کیٹ نے ولشائر کے مالبرو کالج سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد تاریخ کی تعلیم کے لیے سینٹ اینڈریوز یونیورسٹی میں داخلہ لیا تھا۔ یہیں ان کی دوستی شہزادہ ولیم سے ہوئی اور وہ یونیورسٹی میں ہوسٹل میں ساتھ رہائش پذیر رہے۔تعلیم کی تکمیل کے بعد کیٹ میڈلٹن نے ابتدائی طور پر ملبوسات تیار کرنے والی کمپنی جگسا میں کام کیا تاہم بعدازاں وہ اپنے خاندانی کاروبار میں شامل ہوگئیں۔
ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً دو ارب لوگوں یہ تقریب اپنے ٹیلی ویژن کی اسکرینوں پر براہ راست دیکھی ، اس سے پہلے شہزادہ چارلس اورلیڈی ڈیانا کی شادی انیس سو اکیاسی میں ہوئی تھی تو دنیا بھر میں تقریباً پچہتر کروڑ افراد نے اس شادی کے مناظر ٹیلی ویژن پر دیکھے تھے۔

1 comment: