دوپہر کا وقت ہے ۔ گڈو کچرے کے ایک ڈھیر میں سے کا غذ اور گتے چُن چُن کر اپنے کندھے پر پڑے تھیلے میں ڈال رہا ہے۔وہ اپنے ارگرد کی غلاظت اور بد بو سے بے نیاز اپنے کام میں مصروف ہے اور اپنے چھوٹے سے سر کو ادھر اُدھر گھما کر مزید کاغذ ڈھونڈنے کی کو شش کر رہا ہے ۔ اس اثناء میں کچرے کے ڈھیر سے کچھ فاصلے پر کھڑے دو،تین کتے گڈو پر بھونک رہے ہیں۔ گڈو چنتے چنتے کبھی کبھی نیچے جُھک کر کوئی چیز اُٹھانے اور اُس کو مارنے کی اداکاری کرتا ہے جس سے کتے ڈر کر دو تین قدم پیچھے ہٹ جاتے ہیں لیکن بھونکنے کا سلسلہ بدستور جاری رہتا ہے۔