Wednesday, January 21, 2009

ملک میں موبائل فون کی خریداری میں نمایاں کمی

پاکستان میں ٹیکسوں کی شرح میں اضافہ اور پرتعیش اشیاء کی درآمدات کی حوصلہ شکنی کے حکومتی اقدامات کے باعث موبائل فون کی خریداری میں نمایاں کمی ہوئی ہے، رواں مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ کے دوران موبائل فون کی درآمد میں 56.70 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ وفاقی ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ کے دوران مجموعی طور پر 7 ارب 84 کروڑ روپے کے موبائل فون سیٹ درآمد کئے گئے جو گذشتہ برس جولائی تا نومبر کی مدت میں 18 ارب 10 کروڑ 70 لاکھ روپے کے موبائل فون درآمد ہوئے تھے۔ واضح رہے کہ حکومت نے تجارتی خسارہ پر قابو پانے کیلئے ملک میں پرتعیش اشیاء کی برآمد کی حوصلہ شکنی کرنے کیلئے جو اقدامات اٹھائے تھے ان کے نتیجہ میں مہنگے موبائل فون کی طلب میں نمایاں کمی آئی ہے۔ علاوہ ازیں موبائل فون پر جنرل سیلز ٹیکس اور درآمدی ڈیوٹی میں اضافہ کی وجہ سے موبائل فون کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جس سے خریداری کے رحجان میں کمی دیکھنے میں آئی۔ وفاقی ادارہ شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق موبائل فون کی درآمد میں بتدریج کمی آتی جا رہی ہے۔ گذشتہ برس نومبر کے دوران 3 ارب 19 کروڑ 60 روپے کے موبائل فون درآمد ہوئے تھے جو اکتوبر 2008ء میں کم ہو کر 88 کروڑ 20 لاکھ روپے پر آ گئے جبکہ نومبر 2008ء کے دوران موبائل فون کا درآمدی حجم خرید 8.84 فیصد سکڑ کر 80 کروڑ 40 روپے تک چلا گیا۔

ریفرنس: جنگ نیوز

0 تبصرے:

Post a Comment

اردو میں تبصرہ پوسٹ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کر دیں۔