Wednesday, June 15, 2011

ادھورے سپنے – چٹھی قسط


کچی بستی کے قریب سے گذرنے والی سڑک پر لوگوں کی بھیڑ لگی ہوئی ہے ۔سرخ خون سڑک پر بہتا ہوا مٹی میں جذب ہو چکا ہےاور وہاں صرف جذب شدہ مٹی کاہلکا سرخ نشان نظر آرہا ہے۔ سڑک پر لوگوں کی بھیڑکے درمیان گڈو خون میں لت پت پڑا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وہ مرچکا ہے ۔۔۔۔۔۔۔ روڈ پر گذرنے والی چمکتی کالی کار تیز رفتاری کے باعث ننھے گڈو کو کچلتی ہو ئی چلی گئی تھی۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کار ڈرائیور فرنٹ سیٹ پر بیٹھی ماں کی گود میں بیٹھے بچے کو پیار کرنے میں مصروف تھا جس کی وجہ سے وہ سڑک پر اچانک آجانے والے گڈو کو نہ دیکھ سکا۔ ماں کی گود میں بیٹھے بچے نے سرخ رنگ کی ٹی شرٹ پہن رکھی تھی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔!!!

ننھے گڈو کی آنکھیں مرنے کے بعد بھی کھلی رہ گئی ہیں۔۔۔۔۔ شائد گڈو نے جاتے جاتے خود ہی انھیں کھلا چھوڑ دیا ہے۔ گڈو کی آنکھیں دور آسمان میں نہ جانے کیا تلاش کر رہی ہیں۔۔۔۔شائد روٹی۔۔۔۔ نئی گیند۔۔۔۔ماں۔۔۔۔۔ یاپھر ادھورے سپنے

خواب۔۔۔۔۔ کہ جن کی تعبیر ڈھونڈتے ڈھونڈتے گڈو جیسے بچوں کا بچپن ہی گذر جایا کرتا ہے۔۔۔۔۔

گڈوکی آنکھیں مسلسل آسمان میں اپنے سپنے تلاش کر رہی ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔ ادھورے سپنے۔۔۔۔۔۔

0 تبصرے:

Post a Comment

اردو میں تبصرہ پوسٹ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کر دیں۔